بھٹکل:20؍جنوری(ایس اؤ نیوز)مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی اور جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے استاذ مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی ، بے پناہ مشغولیت کے باوجود صرف آٹھ ماہ کی مدت میں حافظ قرآن ہونے پر مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے زیرا ہتمام تہنیتی اجلاس منعقد کیا گیا اور ان کی عزت افزائی کی گئی ۔
اس موقع پر آل انڈیا پیام انسانیت کے جنرل سکریٹری مولانا بلال حسنی ندوی نے قرآن کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جو لوگ اللہ سے خوف کھا کر عملی سطح پر قرآن کو اپناتے ہیں ان کے لئےاللہ تعالیٰ ہدایت کی راہیں کھول دیتاہے۔ اگر وہ تلاوت کے ساتھ تزکیہ نفس کی نیت سے قرآن کو پڑھیں تو ان شاء اللہ اس کا تزکیہ نفس ضرور ہوگا۔ ہم یاد رکھیں ہمارا ہر عمل نیت پر انحصار ہے۔ زمانہ قال سے نہیں زمانہ حال سے قرآن کو پیش کریں تو دنیا کے لئے روشنی کا کام ہوگا۔ جب تک ہماری زندگی قرآن کے سانچے میں نہیں ڈھلیں گے تب تک ہم مسلمان نہیں ہوسکتے۔ جو کوئی قرآن سے وابستہ ہوگا اللہ تعالیٰ اس کی بھی حفاظت کرے گا۔ ان کے بعد مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی ،مولانا مقبول کوبٹے ندوی ، مولانا ایمن ندوی ،مولانا رحمت اللہ رکن الدین ندوی، مولانا طلحہ رکن الدین ندوی ،مولانا شافع شاہ بندری ندوی وغیرہ نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور حافظ قرآن ہونے پر مولانا خواجہ معین الدین اکرمی ندوی مدنی کومبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ انسان عمر کے کسی بھی حصےمیں قران کو حفظ کرسکتا ہے، یہاں تک کہ مصروف ترین شخص بھی حفظ قرآن کرنے کی سعادت حاصل کرسکتا اورمولانا خواجہ نے 53 سال کی عمر میں مشغولیت کے باوجود قران کو حفظ کرکے ثابت کردیاہے۔ مہمانان نے اسے قرآن کا اعجاز بھی قرار دیا۔
حسن ابن عبدالعظیم ڈی ایف کی تلاوت قرآن سے جلسے کا آغاز ہوا۔ مولوی محمد عمیر سدی باپا ندوی نے ہدیہ نعت پیش کی۔ مولوی ہارون کنڈلوری ندوی نے استقبالیہ کلمات ادا کئے ، مولوی میراں ارشاد نائطے ندوی نے تعارف پیش کیا۔ اسماعیل چیڈ و باپا شاہ بندری نے مولانا کے متعلق تہنیتی اشعار پیش کئے۔ ختم قرآن کی رسم مولاناحافظ نعمت اللہ عسکری ندوی کے ہاتھوں انجام پائی ۔ پھر جماعت کی جانب سے مولانا حافظ خواجہ معین الدین اکرمی مدنی کی شال پوشی کرتےہوئے انہیں میمنٹو دیاگیا۔ مولوی اسماعیل انجم گنگاولی ندوی نے سپاس نامہ کی خواندگی کی۔ جماعت کے صدر محتشم محمد جعفر نے صدارتی کلمات پیش کئے۔ طلحہ سدی باپا نے شکریہ اداکیا۔ نظامت کے فرائض مولانا یاسین نائطے ندوی نے انجام دئیے۔ مولانا صادق اکرمی ندوی کی پُرسوز دعاپر جلسہ کا اختتام ہوا۔ سبھی کےلئے تواضع کا اہتمام کیاگیا تھا۔
ختم قرآن کی محفل میں جماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی مولانا محمد اقبال ملا ندوی ، مجلس اصلاح وتنظیم کے صدر ایس ایم سید احمد پرویز ، جامعہ اسلامیہ کے صدر ماسٹر شفیع شاہ بندری پٹیل، انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل ، ایڈیشنل جنرل سکریٹری اسحق شاہ بندری ، مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے سابق صدر ایس ایم سقاف، مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے نائب صدر ابوبکر قمری ، جنرل سکریٹری سعدا میراں وغیرہ موجود تھے۔